اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال عازمین حج کے لئے سہولیات کو گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں مزید بہتر بنایا جا رہا ہے، عازمین پاکستان سے پہلی حج پرواز کی روانگی کے ساتھ ہی نظم و ضبط کے ساتھ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ ہفتہ کو ایک انٹرویومیں سردار محمد یوسف نے حجاج کرام کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کے لیے محفوظ سفر کی خواہش اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے پاک سفر کیلئے امید کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر نے عازمین حج پر زور دیا کہ حج کے دوران سعودی قوانین کی مکمل پابندی کریں کیونکہ ان ضوابط کی پابندی پاکستان اور میزبان ملک کی اچھی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مقامی قوانین کے احترام سے تمام حاجیوں کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے وزارت کے حج کیمپوں میں جاری خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا اور جامع تربیت، ویکسی نیشن ، تحائف کی تقسیم اور دیگر اہم سہولیات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد کسی مشکل کے بغیر عازمین حج کے سفر کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی حج سکیم کے تحت کل 468 پروازیں پاکستان سے عازمین کو حجاز مقدس لے جائیں گی، یہ پروازیں کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے روانہ ہوں گی، پہلی پروازیں 18 اپریل کو روانہ ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے بھی اب مکہ مکرمہ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کی جا رہی ہیں جس سے علاقہ کے عازمین حج کی رسائی میں بہتری آئی ہے۔ وفاقی وزیر نے عازمین حج کے لیے اپ گریڈ شدہ سہولیات کو بھی اجاگر کیا جس میں بہتر خوراک، رہائش اور نقل و حمل کی خدمات شامل ہیں جو مقدس مقامات پر جانے والوں کے لیے زیادہ آرام دہ اور منظم سفر کو یقینی بناتی ہیں۔ سردارمحمد یوسف نے کہا کہ میں خود تمام تیاریوں کی کڑی نگرانی کر رہا ہو ں ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مکہ اور مدینہ میں ہسپتال اور ڈسپنسریاں عازمین حج کی آمد سے قبل مکمل طور پر تیار اور فعال ہوں۔









