'راجہ پرویز 19

راجہ پرویز اشرف کا آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد پولنگ اسٹیشنوں سے پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو زبردستی باہر نکالا گیا، مسلح افراد کے ذریعے انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے اور مبینہ جعلی ووٹنگ کی شکایات انتہائی سنگین ہیں۔

اپنے بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ الیکشن کمیشن ایل اے 12 کے متنازع پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج فوری طور پر روکے۔ انہوںنے کہاکہ متاثرہ پولنگ اسٹیشنوں پر شفاف تحقیقات کے بعد فوج کی نگرانی میں دوبارہ پولنگ کرائی جائے۔ سابق وزیراعظم نے کہاکہ آزادانہ اور شفاف انتخاب ہر امیدوار اور ووٹر کا بنیادی جمہوری حق ہے۔

انہوںنے کہاکہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کسی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر شکایات کا فوری نوٹس لے کر امیدواروں کو مساوی انتخابی ماحول فراہم کریں۔راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک حلقے کے حتمی نتیجے کا اعلان نہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں