سید عاصم منیر 38

دہشتگردی کے سہولت کاروں کیخلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ دہشتگردی کے سہولت کاروں کیخلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے،غیر انسانی اور سفاکانہ اقدام افواجِ پاکستان یا قوم کے حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عیدالاضحی کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے ساتھ نمازِ عید ادا کی، اس موقع پر پاکستان کے دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملک کے تحفظ کے لیے جوانوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غیر انسانی اور سفاکانہ اقدام افواجِ پاکستان یا قوم کے حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت سے آپریشن جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں