شازیہ ماریہ 17

دوسرے مرحلے کی پولنگ میں انتظامی مداخلت، جعلی ووٹنگ اور پولنگ ایجنٹس کو نکالنے کے الزامات، شفاف انتخابات یقینی بنائے جائیں، شازیہ مری

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے آزاد جموں و کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں اور انتظامی مداخلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے اور شفاف انتخابی عمل یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

اتوار کو جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے دوران مختلف علاقوں سے انتظامی مداخلت اور بے ضابطگیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جو انتہائی تشویشناک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری مشینری کے ذریعے انتخابات پر اثرانداز ہونے کی ہر کوشش جمہوری عمل پر حملے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مبینہ دھاندلی سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے کی جانے والی شکایات پر الیکشن کمیشن کی خاموشی نے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی شفافیت پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

ان کے مطابق اگر پہلے مرحلے کی شکایات پر بروقت کارروائی کی جاتی تو انتخابی عمل پر عوام کا اعتماد بحال کیا جا سکتا تھا۔شازیہ مری نے الزام عائد کیا کہ دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران بعض مقامات پر بیلٹ بکسوں میں جعلی ووٹ ڈالنے اور پولنگ ایجنٹس کو غیر قانونی طور پر پولنگ اسٹیشنوں سے نکالنے کے واقعات پیش آئے ہیں، جن کے حوالے سے متعدد تحریری شکایات الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انتخابی بے ضابطگیوں کا نوٹس لے اور دوسرے مرحلے کے انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقِ رائے دہی پر کسی قسم کا ڈاکہ قبول نہیں کیا جائے گا اور انتخابی عمل کو متنازع بنانے والے عناصر جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کے دشمن ہیں۔شازیہ مری نے کہا کہ جہاں جہاں مبینہ دھاندلی ہوئی اور الیکشن کمیشن کارروائی کرنے میں ناکام رہا، وہاں پاکستان پیپلز پارٹی احتجاج کرے گی، جبکہ ایسے حلقوں میں دوبارہ انتخابات کا مطالبہ پارٹی کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر پولنگ اسٹیشن پر عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنی آئینی اور قانونی جدوجہد جاری رکھے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کے فیصلے کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں