ایمل ولی خان 90

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات پر حکومتی خاموشی مجرمانہ فعل ہے، ایمل ولی خان

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پختونخوا میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات پر حکومتی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت کو شاید خبر ہو کہ گذشتہ رات وزیرستان میں 2 پولیس اہلکارشہید اور 3 زخمی ہوچکے ہیں،حملے میں ایک ایمبولینس کو جلا کر راکھ کردیا گیا اور اسلحہ بھی چرایا گیا ہے۔صدر اے این پی پختونخوا نے کہاکہ پورے پولیس سٹیشن کو آگ لگا کر دہشتگرد گاڑی، مشین گنز اپنے ساتھ لے گئے، یہ اسلحہ کن کے خلاف استعمال ہوگا؟ ۔

انہوںنے کہاکہ صوبے کے امپورٹڈ ترجمان کو یہ خبر بھی ہونی چاہئیے کہ واقعے کی ذمہ داری ”جرگے” والوں نے قبول کرلی ہے۔ایمل ولی خان نے کہاکہ وزیرستان سے باجوڑ، سوات اور چترال تک دہشتگرد منظم ہوچکے ہیں اور حکومت انکی ہمدرد بن رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی جان و مال کی پرواہ کی بجائے صوبائی حکومت پنجاب کے لیڈر کیلئے راستے بند کررہی ہے۔صوبائی صدر اے این پی نے کہاکہ پختونخوا حکومت کی ترجیح عوام نہیں اپنے لیڈر کو وزارت عظمیٰ تک پہنچانا ہے، عوام کو صبر کی گولیاں دی جارہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں پولیس پر ناز ہے، انکی قربانیوں کی بدولت امن کا قیام ممکن ہوا لیکن افسوس آج انہیں اکیلا چھوڑاجارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سوتی رہے، پختونخوا پولیس اور عوام مل کر دہشتگردی کی اس ناسور کا مقابلہ کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ایک طرف دہشتگردی تو دوسری جانب وزیرستان میں بچیاں تعلیم کیلئے احتجاج کررہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جان و مال کی حفاظت سے غافل حکومت نے تعلیمی دہشتگردی بھی شروع کررکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں