بیرسٹر دانیال چوہدری 19

حکومت قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی، بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی ()وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے نورین نیازی کے پاکستان مخالف بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول، ناقابل معافی اور قومی مفادات کے منافی قرار دیدیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، اراکین قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور ملک ابرار سمیت مسلم لیگ (ن)کے رہنماں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نورین نیازی اپنے بھائی کی سیاست کیلئے معرکہ حق پر سوالات اٹھا رہی ہیں اور ایسے بیانات دے رہی ہیں جو بھارتی میڈیا کی زینت بن رہے ہیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ حکومت قومی سلامتی، ریاستی وقار، خودمختاری اور ملکی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور پاکستان کے خلاف کسی بھی منفی بیانیے یا پروپیگنڈے کو ہر سطح پر بھرپور انداز میں مسترد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کے بھائی کی سیاست دفن ہو چکی ہے، ان کی جماعت شدید انتشار کا شکار ہے جبکہ خیبر پختونخوا کی حکومت عوامی مسائل کے حل میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے بعض عناصر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم قوم ایسے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پوری قوم پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے متحد ہے اور حکومت قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں