محمد جاوید قصوری 18

حکومت زراعت کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات پاکستان کی غذائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں، درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ، غیر معمولی بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور پانی کی قلت نے ملکی زراعت کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث گندم، چاول اور دیگر اہم زرعی فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، حکومت کو صورتحال کی سنگینی کا فوری ادراک کرتے ہوئے کسانوں اور زراعت کے شعبے کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث فصلوں کی پانی کی ضرورت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دوسری جانب پاکستان میں دستیاب آبی وسائل تیزی سے محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی اب محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ ملکی معیشت، زراعت اور قومی غذائی سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ اگر بروقت مؤثر حکمت عملی اختیار نہ کی گئی تو مستقبل میں غذائی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کرنا قابل مذمت ہے۔

کسان دن رات محنت کرکے ملک کے عوام کے لیے خوراک پیدا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے انہیں اپنی محنت کا جائز معاوضہ بھی نہیں ملتا۔ فصل تیار ہونے کے بعد مڈل مین اور آڑھتی کسانوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی پیداوار اونے پونے داموں خرید لیتے ہیں، جبکہ یہی اجناس صارفین تک پہنچتے پہنچتے کئی گنا مہنگی ہو جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، معیاری بیج، سستی بجلی، مناسب قیمت پر کھاد اور آسان قرضوں کی سہولت فراہم کرے۔

پانی کے بہتر انتظام، ڈیموں کی تعمیر، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور موسمیاتی تبدیلی سے مطابقت رکھنے والی فصلوں کی حوصلہ افزائی پر بھی فوری توجہ دی جائے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ حکمرانوں کی تمام تر توجہ صرف سڑکیں بنانے اور نمائشی منصوبوں پر مرکوز ہے، جبکہ زراعت، پانی اور غذائی سلامتی جیسے بنیادی مسائل نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کو ترجیحات درست کرنا ہوں گی، کیونکہ مضبوط کسان ہی مضبوط معیشت اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں