حافظ نعیم الرحمن 16

حکومت بجلی بلوں، پٹرول لیوی کے ذریعے عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہی ہے، حافظ نعیم الرحمان

ملتان(رپورٹنگ آن لائن ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت بجلی بلوں اور پٹرول لیوی کے ذریعے عوام پر مسلسل بوجھ ڈال رہی ہے۔

پنجاب کے شہر ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا حکومت کی معاشی، تعلیمی اور عوامی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ نظامِ تعلیم رائج ہے جب کہ معیاری تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، خیرات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بل عوام پر بم کی صورت گرائے جا رہے ہیں، جبکہ پٹرول پر لیوی کے نام پر عوام سے بھاری رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہر لٹر پٹرول پر لیوی کی مد میں عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور غریب آدمی ہر چیز پر ٹیکس ادا کر رہا ہے، اس کے باوجود ریاست اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قومی بجٹ کا بڑا حصہ سود کی ادائیگی میں چلا جاتا ہے جب کہ عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔

ان کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پنجاب میں 11 ہزار سرکاری سکول آؤٹ سورس کیے جا چکے ہیں اور مزید 14 سے 15 ہزار سکول آؤٹ سورس کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف لاکھوں بچے معیاری تعلیم سے محروم ہیں اور دوسری جانب اربوں روپے کا جہاز خریدا جا رہا ہے، ان کے مطابق اچھی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔

سیاسی صورتِ حال پر بات کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں خاندانی سیاست اور اجارہ داری کا نظام قائم ہے، انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں عوام کا خون بہہ رہا ہے، جبکہ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کی سیاست میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے ’بنوقابل‘ پروگرام کو نوجوانوں کے لیے کامیاب منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب ’ذی کنیکٹ‘ کے نام سے بھی نیا پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے جو نوجوان نسل کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا، نوجوانوں کی تعلیم اور جدوجہد کا سفر جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں