حسن مرتضیٰ 15

جب تک (ن)لیگ کی حکومت قائم ہے پیپلزپارٹی اتحاد کا حصہ رہے گی’حسن مرتضی

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ جب تک مسلم لیگ (ن) کی حکومت برقرار ہے پیپلزپارٹی حکومتی اتحاد کا حصہ رہے گی تاہم عوامی مسائل، مہنگائی اور دیگر اہم معاملات پر پارٹی اپنا موقف کھل کر پیش کرتی رہے گی۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ یہ نہ مسلم لیگ (ن)کو معلوم ہے کہ وہ ہماری اتحادی کیوں ہے اور نہ ہی ہمیں پتہ ہے کہ ہم اس کے اتحادی کیوں ہیں لیکن بہرحال یہ اتحاد ہے اور رہے گا لیکن اس کے باوجود مہنگائی، عوامی مسائل اور دیگر اہم معاملات پر ہم عوام کی نمائندگی کرتے رہیں گے اور اپنا موقف واضح انداز میں پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داریاں غیرجانبداری سے ادا کرنی چاہئیں، ایک صوبے کی وزیر اعلی آزاد کشمیر کی انتخابی مہم کے دوران جا کر بسوں کا تحفہ دیتی ہیں لیکن الیکشن کمیشن اس معاملے پر خاموش رہتا ہے۔

الیکشن کمیشن سے ہمارا ایک ہی سوال ہے کہ آپ کس کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں؟ ۔ایک دوسرے صوبے کا چیف ایگزیکٹو آزاد کشمیر جا کر ایسے اقدامات کیسے کر سکتا ہے لہٰذامیری رائے میں اعلی عدلیہ کو بھی اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔حسن مرتضی نے مسلم لیگ (ن)کی جانب سے پیپلزپارٹی پر کرپشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت کے پاس کوئی ثبوت موجود ہیں تو انہیں عوام کے سامنے پیش کیا جائے یا پھر اس حوالے سے تحقیقات کے لیے بااختیار کمیشن قائم کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن)دوبارہ 1980 اور 1990 کی دہائی کی طرز کی الزام تراشی کی سیاست کرنا چاہتی ہے لیکن اب ایسے ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں