اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کے حوالہ سے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان نئی دہلی کی عاقبت نااندیشی کا ثبوت ہے۔ وزارت مواصلات کی جانب سے جاری ردعمل میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کیخلاف کسی بھی مہم جوئی کا انجام عبرتناک ہوگا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایٹمی پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے کا وہ حصہ ہے جسے مٹایا نہیں جاسکتا،بھارتی قیادت نے آٹھ دہائیاں گزرنے کے بعد تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئی دہلی کا جارحانہ رویہ معرکہِ حق میں ملنے والی ہزیمت کا غصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت یاد رکھے کہ کسی جغرافیائی نقصان کی صورت تباہی کا ذمہ داربھارت ہو گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج وطن کے دفاع کیلئے تیار ہے،پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی بھارتی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں مداخلت کی بجائے اپنے ہاں مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔









