کراچی( رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ بچے پاکستان کا روشن مستقبل اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، تعلیم، تربیت، کردار اور محنت پر توجہ دے کر نوجوان نسل پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جاسکتی ہے۔مختلف اسکولوں کے طلبہ نے سندھ گورنر ہائوس کا معلوماتی و مطالعاتی دورہ کیا، جہاں آمد پر بچوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔
طلبہ نے گورنر ہائوس میں قائد روم کا دورہ کیا، جہاں انہیں قائد اعظم محمد علی جناح کے زیرِ استعمال اشیا، تاریخی نوادرات اور قائد اعظم کی زندگی سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئیں۔طلبہ کو “جناح سے قائد” کے عنوان سے خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد، قیامِ پاکستان اور ایک قوم کو متحد کرنے کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔اس موقع پر اسکول کے بچوں نے قائد اعظم محمد علی جناح ریزیڈینسی کا بھی دورہ کیا اور قائد اعظم سے منسوب تاریخی اشیاء اور یادگاروں کا معائنہ کیا۔
اس مطالعاتی دورے کا مقصد نئی نسل کو قائد اعظم کی زندگی، جدوجہد اور قیامِ پاکستان کی تاریخ سے روشناس کرانا تھا۔بعد ازاں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ عظیم نعمت ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔گورنر سندھ نے بچوں سے وعدہ لیا کہ ہر بچہ کم از کم ایک پودا ضرور لگائے گا اور اس کی حفاظت بھی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صرف ماحول کی بہتری نہیں بلکہ اپنے ملک سے محبت کا عملی اظہار بھی ہے۔سید محمد نہال ہاشمی نے بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اپنے اساتذہ کی عزت کرنی ہے، صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ اچھی تربیت اور مضبوط کردار ہی انسان کو حقیقی کامیابی سے ہمکنار کرتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ “میں یہاں جب تک ہوں، اس وقت تک آپ کی کامیابی کے لیے کام کرتا رہوں گا، لیکن جب آپ اپنی زندگی میں کامیاب ہوں گے تو ممکن ہے میں یہاں نہ ہوں، بلکہ آپ میں سے ہی کوئی میری جگہ پر موجود ہو۔
“انہوں نے کہا کہ آپ میں سے کوئی مستقبل میں حکومتی اداروں کا افسر، ڈاکٹر، انجینئر، استاد یا کسی بھی شعبے کا ماہر بن سکتا ہے، لیکن اس کے لیے آج سے ہی محنت، تعلیم، تربیت اور نظم و ضبط کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔گورنر سندھ نے بچوں پر زور دیا کہ وہ اپنے عقیدے اور دین سے محبت کے ساتھ اسے سمجھنے کی کوشش کریں، اپنے ملک سے اتنی ہی محبت کریں جتنی اپنے گھر سے کرتے ہیں، بلکہ اس سے بھی زیادہ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے درختوں، سڑکوں، اسکولوں، کالجوں اور پارکس کو بھی اسی طرح اپنا سمجھیں اور ان کی حفاظت کریں جیسے اپنی ذاتی چیزوں کی کرتے ہیں۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ تعلیم، کھیل، تربیت اور کردار سمیت ہر شعبے میں نمبر ون بننے کا عزم کریں۔ کامیابی صرف خواہش سے نہیں بلکہ مسلسل محنت، لگن اور خدمت کے جذبے سے حاصل ہوتی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ دیگر صوبوں میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک بھیجنے اور اسکالرشپس فراہم کرنے کے مواقع دیے جارہے ہیں، سندھ کے بچے بھی اپنی قابلیت، محنت اور بہترین تعلیمی کارکردگی کے ذریعے ایسے مواقع حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے لیے بڑے اہداف مقرر کریں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بڑوں نے بے مثال جدوجہد اور قربانیوں کے بعد پاکستان حاصل کیا اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک آزاد ملک کی صورت میں عظیم تحفہ چھوڑا۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ پاکستان کے تحفظ، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ بچے آج سے ہی تعلیم، کردار، محنت، خدمت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں تاکہ کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لیے تیار ہوں۔









