کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کے دوران 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کرنے پر فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کو ہر صورت سختی سے کچلا جائے گا اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جرات مندانہ کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حالیہ کامیاب کارروائیاں ہمارے بہادر سپوتوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور وطن سے غیرمتزلزل وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی یقینی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امن، استحکام اور خوشحالی ہی ہماری منزل ہے اور حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی جرات، عزم اور وطن سے محبت پر فخر ہے، جو ملک کے امن و سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔









