لاہور(رپورٹنگ آن لائن )لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں زیرالتوا ء ٹیکس مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو بروقت انصاف کی فراہمی ناگزیر ہے،ایف بی آر کی جانب سے عائد کیے گئے کروڑوں کے ٹیکس اسسمنٹس اپیل کے مختلف مراحل میں ختم یا نمایاں طور پر کم ہو جاتے ہیں اس لیے ٹربیونل میں مقدمات کے فیصلوں میں غیرضروری تاخیر سے ٹیکس دہندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار صدر رانا ثاقب منیر، جنرل سیکرٹری فاروق گجر، نائب صدر میاں عثمان جاوید اور دیگر عہدیداران نے اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو لاہور کے ممبر طارق افتخار احمد کی تین سالہ مدت مکمل ہونے پر منعقدہ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔لاہور ٹیکس بار کے عہدیداران نے طارق افتخار احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی مدت کے دوران انتظامی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کے ساتھ ٹیکس مقدمات کے فیصلے قانون، میرٹ اور حقائق کی بنیاد پر کیے۔ انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ممبران چودھری محمد شکیل، بیرسٹر زرغام لکھیسر اور نوید ظفر خان کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ چیئرمین ٹربیونل توقیر اسلم کی قیادت میں آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرتے ہوئے انصاف کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں گے۔
لاہور ٹیکس بار کے عہدیداروںنے کہا کہ ٹربیونل کے فیصلوں پر فوری اور موثر عملدرآمد بھی ضروری ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو حقیقی معنوں میں قانونی ریلیف مل سکے۔ اپیلٹ ٹربیونل سے رجوع کرنے والے ٹیکس دہندگان کو امید ہوتی ہے کہ ان کے مقدمات کا فیصلہ قانون، حقائق اور فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کی روشنی میں میرٹ پر کیا جائے گا۔ ٹیکس مقدمات میں تاخیر سے کاروباری اور مالی مشکلات بڑھتی ہیں اس لیے زیرالتوا ء کیسز کو جلد نمٹانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تقریب میں رانا منیر حسین، محمد شاہ، چودھری قمر الزمان، طاہر محمود بٹ، شیخ یاسین سمیت دیگر سینئر وکلا ء بھی موجود تھے۔









