اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان وسطی ایشیا کے ساتھ تجارت، جدید ریل رابطوں اور نئے تجارتی راستوں کو فروغ دے کر اپنی جغرافیائی پوزیشن کو معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کیلئے بروئے کار لانا چاہتا ہے۔
پیر کو ایکس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ پاکستان کی نمائندگی کے لیے منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔اولان باتور ایئرپورٹ پہنچنے پر منگولیا کی وزارتِ معیشت کے سٹیٹ سیکرٹری بتخو ایدیش نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن اجلاس پاکستان کے لیے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ معاشی اور تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے کا اہم موقع ہے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان علاقائی رابطوں کے فروغ، جدید انفراسٹرکچر اور نئے تجارتی راستوں کے ذریعے خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے وسطی ایشیا، چین اور عالمی منڈیوں کے درمیان ایک اہم رابطہ فراہم کرتی ہے، جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے علاقائی تعاون اور مربوط ٹرانسپورٹ روابط کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔









