اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبرپختونخوا امور اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ کی کال محض سیاسی دکھاوا تھی۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دوران صوبے سے لانگ مارچ کی تیاریوں، جن میں ٹرانسپورٹ کی بکنگ، کھانے کے انتظامات اور دیگر ضروری اقدامات شامل ہیں، کے حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی جو عام طور پر مارچ کے لیے کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا تاہم پی ٹی آئی رہنمائوں نے بارہا مذاکرات سے گریز کیا اور حقائق چھپائے۔اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات کو اپنے جیل میں قید بانی تک رسائی سے مشروط کیا تھا اور مجوزہ لانگ مارچ ختم کرنے کے لیے اپنی شرائط میں بانی سے ملاقات کا مطالبہ بھی شامل کیا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب حکومت نے مذاکرات کا موقع فراہم کیا تو پی ٹی آئی قیادت نے اسے مسترد کر دیا۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے پی ٹی آئی کے بانی کی صحت سے متعلق دعوئوں اور پروپیگنڈے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دعوے صورتحال کو مزیدکشیدہ کرنے اور عوامی ہمدردی حاصل کرنے کے لیے کیے گئے۔اسلام آباد میں سکیورٹی اقدامات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ کے مفاد میں پابندیاں اور دیگر احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں سفارتکار، غیر ملکی شہری اور بڑی تعداد میں مقامی افراد رہائش پذیر ہیں اس لیے سکیورٹی اور سرکاری و عوامی املاک کا تحفظ ترجیح ہے۔









