مراد علی شاہ 15

انسانی اسمگلنگ ایک سنگین عالمی جرم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین عالمی جرم اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے خاتمے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مشترکہ اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن فراڈ کے ذریعے جبری مجرمانہ سرگرمیوں میں پھنسائے جانے والے افراد کی صورتحال پر دنیا کی فوری توجہ درکار ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ کے نئے طریقوں اور سائبر جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات سے عوام کو آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مشکوک بھرتیوں، جعلی ملازمتوں کی پیشکشوں اور آن لائن فراڈ کے ذریعے ہونے والی انسانی اسمگلنگ سے محتاط رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت انسانی اسمگلنگ اور ہر قسم کے انسانی استحصال کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے متاثرین کے تحفظ، بحالی اور قانونی معاونت کے لیے مربوط اقدامات ناگزیر ہیں۔

سندھ حکومت اس جرم کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی اسمگلنگ سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے حکومت، سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام کو مل کر اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں