حافظ نعیم الرحمن 12

افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے، حافظ نعیم

پشاور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافط نعیم نے کہا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ مکہ میں جو دفاعی معاہدہ ہوا اسکا خیر مقدم کرتے ہیں،یہ اتحاد کی طرف پہلا قدم بڑھا ہے، معاہدے میں ایران کو بھی جلد شامل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ اندرونی حالات کی وجہ سے ممکن ہوتا ہے، انڈسٹری لگانے سے روزگار ملے تو نوجوان دہشتگردی کی طرف کیوں جائے گا، افغان حکومت بات چیت سے معاملات حل کرے، بات چیت میں ٹھوس ثبوت دے کر معاملات کو حل کیا جائے جبکہ حالات میں بہتری لانا حکومت کا کام ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ عالمی کشیدگی کے باعث پٹرول کی قیمت میں اضافہ مناسب نہیں، دیگر ممالک میں ایک دو بار پٹرول مہنگا ہوا، پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں روزانہ بڑھائی جا رہی ہیں، حکومت عوام سے پٹرولیم لیوی کی مد میں 8 ہزار ارب سے زائد حاصل کرچکی ہے، پٹرولیم لیوی سے حکومت اپنے اخراجات اور کرپشن چھپاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اشیاء مہنگی ہونے کے بعد دوبارہ کم نرخوں پر نہیں آتیں، احتجاج میں بڑی شاہراہیں بند کیں، کسی کو نقصان نہیں پہنچنے دیا، مطالبہ ہے پٹرولیم لیوی بالکل ختم ہونی چاہیے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 225 روپے کی جائے، لیوی ختم کی جائے، حکومت کی رپورٹ کے مطابق بجلی بنانے سے زیادہ خرچ بجلی نہ بنانے پر ہوتا ہے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ اگست کو چاروں صوبوں میں بیک وقت دھرنے ہوں گے، ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں، پٹرول 225 روپے اور اشیا سستی کی جائیں، پارٹی مفاد نہیں، عوامی مفاد کے لیے سب ہمارا ساتھ دیں، فارم 47 کی حکومت نے عوام کا جینا حرام کیا ہوا ہے، سڑک بند ہونے سے نقصان نہیں ہوا تو حکومت کو اعتراض کیوں۔انہوں نے کہ اکہ اپوزیشن جماعتیں ہمارا ساتھ دیں، اس سے قوم کی بہتری ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں