اسحاق ڈار 27

اسحاق ڈار کا پاکستان اور یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزارت خارجہ اسلام آباد میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان 8 ویں سٹریٹجک مذاکرات کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ یورپی یونین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، یورپی یونین کی قیادت اور اعلیٰ نمائندہ کی پاکستان کے ساتھ مسلسل روابط قابل قدر ہیں، عالمی و علاقائی امور خصوصاً پاکستان بھارت جنگ اور امریکہ ایران تنازعے پر قریبی رابطہ رہا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور یورپی قیادت کے درمیان روابط کو دوطرفہ تعلقات کیلئے اہم قرار دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان یورپی یونین سٹریٹجک وژن طویل مدتی شراکت داری کو نئی سمت دے سکتا ہے، سٹریٹجک مذاکرات کا تسلسل متحرک اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنے پر بے حد خوشی ہے، امریکا، ایران مذاکرات میں ثالثی پر پاکستان کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے، تنازع کے باعث پوری دنیا توانائی بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مستقل جنگ بندی اور مذاکرات کا تسلسل ناگزیر ہے، علاقائی و عالمی استحکام کیلئے پاکستان اور یورپی یونین کے ترجیحی اہداف یکساں ہیں۔

کایاکالاس کا کہنا تھا کہ پاکستان،یورپی یونین شراکت داری تجارتی لحاظ سے اہم، معاشی ترقی کی ضامن ہے، سال 2026 کا اصل ہدف پاکستان یورپی یونین تعلقات کو مزید مضبوط اور مستقبل پر مبنی بنانا ہے۔

قبل ازیں یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کلاس کی دفتر خارجہ آمد ہوئی جہاں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کایا کالاس کا استقبال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ وزیراعظم اور صدر مملکت سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی روابط کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں فریقوں کے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ پاکستان۔یورپی یونین شراکت داری کو مزید مستحکم بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں