سردار ایاز صادق 18

آزاد، محفوظ اور ذمہ دار صحافت جمہوری معاشرے کے استحکام کیلیے ناگزیر ہے، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی یومِ آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، محفوظ اور ذمہ دارانہ صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کا اہم ستون ہے،سچ کی فراہمی میں صحافی حضرات کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور عوام کو بروقت اور درست معلومات فراہم کر کے ریاستی اداروں میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بناتے ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ صحافت کی آزادی جمہوریت کی مضبوطی، عوامی شعور کی بیداری اور قانون کی حکمرانی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی برادری نے سچ کی تلاش اور عوام کی آواز بننے کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین پاکستان آزادی اظہار رائے کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے تدارک کے لیے ذمہ دار صحافت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور ریاستی استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو فروغ دینا ضروری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان میڈیا کی آزادی، صحافیوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لیے موثر قانون سازی کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے سکیں۔ سپیکر نے کہا کہ موجودہ دور میں غلط معلومات اور غیر مصدقہ خبروں کا پھیلاؤ ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تحقیق اور حقائق پر مبنی ذمہ دار صحافت کا فروغ ضروری ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا جمہوری نظام کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی پیشہ ورانہ آزادی اور سلامتی کو یقینی بنانا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان میڈیا کی آزادی کے فروغ اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں