سعید غنی 17

آج بھارت کسی پیمانے پر دنیا کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا،سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو مودی کی دہشتگرد حکومت نے بھارتی آئین میں ترامیم کرکے کشمیریوں کے خود مختار ریاست پر شب و خون مارا اور اس کی ڈیمو گرافی کو تبدیل کرکے مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی۔

آج بھارت کسی پیمانے پر دنیا کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔ 2025 میں جو جنگ پاکستان کو تباہ کرنے اور کمزور کرنے اور وقار کو نیچا دکھانے کے لئے بھارت نے شروع کی اللہ تعالیٰ نے اس کو چند دنوں میں ہی نیست و نابود کردیا اور تین سے چار روز کی جنگ نے بھارت کو زمین بوس کردیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ استحصال کشمیر ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی کا آغاز پیپلز سیکرٹریٹ کراچی سے صبح 9.00 بجے ایک منٹ کی خاموشی کے بعد شروع ہوا اور مزار قائد پر اس کا اختتام ہوا۔

ریلی میں آل پاکستان حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبد المتین، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے ہیومن رائٹس راج سنگھ سوڈھا، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس آزاد خان، مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاؤہ اسکولوں کے طلبہ و طالبات کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ ہم ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی ہے طور پر مناتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں کو یہ باور کراتے ہیں کہ پاکستان کے عوام ان کی جدو جہد میں ان کے ساتھ ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ مودی کی حکومت نے اب 5 اگست 2019 کو مودی کی دہشتگرد حکومت نے بھارتی آئین میں ترامیم کرکے کشمیریوں کے خود مختار ریاست پر شب و خون مارا اور اس کی ڈیمو گرافی کو تبدیل کرکے مسلمانوں کی اکثریت والے علاقوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی۔

انہوں نے کہا کہ مودی جس انداز میں بھارت میں انتہا پسند ہندو سلطنت قائم کرنے کی کوشش کی اور بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ کمزور ہندوؤں کی بھی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ آج بھارت کسی پیمانے پر دنیا کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتا۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان میں بمبئی بریانی، میرٹھ، دہلی سوئیٹس اور بہت سے ایسے کاروبار ملیں گے جو بھارت کے نام سے منسوب ہیں اور ہم نے کبھی نام کی بنیاد پر کاروبار کو نشانہ نہیں بنایا گیا اس کے برعکس بھارت میں جو پاکستان کے نام سے کاروبار تھا انہیں یا تو جلا دیا گیا، بند کردیا گیا یا نام تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے ملک میں غیر مسلموں کی بڑی تعداد آباد ہے اور جتنے حقوق پاکستان میں ہندووں کو حاصل ہیں اس میں کوئی تفریق نہیں ہے۔

سعید غنی نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والے وہ ہندو اگر اج بھارت میں ہوتے تو انہیں انسان بھی نہیں سمجھا جاتا۔ انہیں اس ملک کو وہ مقام دیا گیا جو وہ سوچ بھی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عیسائیوں کو جس انداز میں پاکستان میں نمائندگی دی جاتی ہے جس کا تصور وہ بھارت میں نہیں کر سکتے۔ سعید غنی نے کہا کہ مودی کے بھارت میں بھی اس کی دہشتگردی کے خلاف آوازیں بلند ہورہی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ 2025 میں جو جنگ پاکستان کو تباہ کرنے اور کمزور کرنے اور وقار کو نیچا دکھانے کے لئے بھارت نے شروع کی اللہ تعالیٰ نے اس کو چند دنوں میں ہی نیست و نابود کردیا اور تین سے چار روز کی جنگ نے بھارت کو زمین بوس کردیا اور معرکہ حق کی صورت میں اللہ تعالی نے پاکستانی قوم کو کامیابی نصیب کی، اس معرکہ سے قبل دنیا سمجھتی تھی بھارت مستحکم ملک ہے، بھارت کی فوج کے لئے یہ تاثر تھا کہ بہت بڑی فوج ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھارت دنیا میں سفارتی طور پر تنہائی کا شکار ہے. سعید غنی نے کہا کہ جس انداز میں پاکستان کے موقف کو دنیا میں سنا جاتا ہے امید ہے کشمیر کے مسئلے پر بھی بھارت کے مظالم ختم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ جموں اور کشمیر جب پاکستان کے ساتھ ملیں گے تو ریاست کا فیصلہ کشمیری کریں گے یہ ملک کا آئین کہتا ہے اور اللہ نے چاہا تو جلد وہ دن آئیگا کہ ہم کشمیری اپنی جدوجہد کو کامیابی کی صورت میں دیکھ پائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبد المتین نے کہا کہ میں جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام، سیاسی جماعتوں سمیت تمام کا شکر گذار ہوں کہ انہوں نے اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے آج ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر کی ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ کشمیر کے لئے ہمیں ہزار سال بھی لڑنا پڑا تو لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے لئے سیٹیں مختص کروائی۔ تقریب ہے اختتام پر اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے قومی نغمے پیش کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں