حلیم عادل شیخ 18

آئین، آزاد عدلیہ اور عوامی مینڈیٹ کی بحالی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا، حلیم عادل شیخ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملکی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین، آزاد عدلیہ اور بنیادی انسانی حقوق کے بغیر پاکستان عالمی اعتماد بحال نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست سے آئین، جمہوریت، عوامی مینڈیٹ اور قانون کی بالادستی کی بحالی کے لیے ملک گیر پرامن تحریک کا آغاز کیا جائے گا، کیونکہ ملک کو درپیش بحرانوں کا واحد حل آئین کی سربلندی اور عوامی حقِ حکمرانی کا احترام ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی ناگزیر ہے۔ عمران خان کی طویل قید اور تنہائی بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، انہیں فوری طور پر اپنے ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے جبکہ بشریٰ بی بی کی صحت اور قانونی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم کرکے تمام سیاسی رہنماؤں کو انصاف فراہم کیا جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی تشویشناک ہیں۔

دہشت گردی جیسے قومی مسئلے پر پوری قوم کو متحد ہونا چاہیے، مگر وفاقی حکومت نے قومی سلامتی پر توجہ دینے کے بجائے سیاسی انجینئرنگ اور مخالفین کے خلاف کارروائیوں کو ترجیح دی، جس کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ایک اور معاشی حملہ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے، عوام کو ریلیف دے اور اپنی شاہ خرچیوں اور غیر ضروری اخراجات میں نمایاں کمی لائے۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے کہا کہ سیاسی استحکام، آئین کی بالادستی، آزاد عدلیہ، قانون کی حکمرانی اور شفاف انتخابات ہی پاکستان کی معاشی بحالی اور عالمی اعتماد کی بحالی کا واحد راستہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں