بلاول بھٹو زرداری 20

آئندہ انتخابات میں عوام پھر تیر کا ساتھ اور شیر شکست دیں ، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں عوام ایک بار پھر تیر کا ساتھ دیں گے، شیر کو شکست ہوگی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کشمور ہو یا کشمیر، میرپور ہو یا میرپورخاص، عوام اپنے حقِ حاکمیت اور حقِ ملکیت پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف برا نہ مانیں، لیکن کشمور اور کشمیر، میرپور اور میرپورخاص صرف ناموں میں ہی نہیں بلکہ مزاج، غیرت اور اپنے حقوق کے لیے ڈٹ جانے کے جذبے میں بھی ایک جیسے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ یہ عوام اپنے حقوق کا سودا کرنے کے لیے تیار نہیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں، نہ کسی شہر کو اور نہ ہی کسی صوبے کو یہ اختیار دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ جس طرح گزشتہ انتخابات میں کشمیر اور کشمور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کیا تھا اور میرپور و میرپورخاص میں ن لیگ کا صفایا ہوا، اسی طرح آئندہ انتخابات میں بھی عوام وہی فیصلہ دہرائیں گے۔

انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ میرپور کے عوام تیر سے شیر کا شکار کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں