عمرایوب، اسد عمر

9 مئی کے 3 مقدمات’عمرایوب، اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمرایوب، سابق وفاقی وزراء اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت 9 مئی کے 3 مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج خالد ارشد نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، فواد چوہدری، مسرت جمشید چیمہ سمیت دیگر ملزمان نے عدالت پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی جبکہ تمام رہنما عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر آج بھی عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ ان کے وکلاء کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔بعدازاں عدالت نے عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ سمیت سانحہ 9 مئی کے 3 مقدمات میں عمر ایوب، اسد عمر اور فواد چوہدری سمیت 36 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 10 اگست تک توسیع کا حکم جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ گلبرگ اور تھانہ شادمان میں مقدمات درج ہیں۔