منشیات فروش 38

جوڈیشل کمپلیکس، منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی 18 مقدمات میں جیل منتقل

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کو قتل اور منشیات کے مجموعی طور پر 18 مقدمات میں سخت سیکیورٹی کے حصار میں جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرکے مختلف عدالتوں میں پیش کیا گیا۔درخشاں، گذری، باغدادی، ڈیفنس، بوٹ بیسن اور دیگر تھانوں میں درج مقدمات میں پولیس نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف منشیات کے نیٹ ورک، رائیڈرز اور دیگر سہولت کاروں سے متعلق اہم تفتیش جاری ہے، جبکہ بعض مقدمات میں مزید گرفتاریوں کی ضرورت ہے۔پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزمہ مفرور رہی ہے اور تفتیش مکمل کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بعض مقدمات 2021 جبکہ ایک مقدمہ 2026 میں درج ہوا۔ تفتیشی افسر کے مطابق انمول عرف پنکی کے تین رائیڈرز پہلے ہی گرفتار ہوکر جیل میں ہیں جبکہ مزید ملزمان مفرور ہیں۔سیکیورٹی خدشات کے باعث پولیس نے ملزمہ کو سٹی کورٹ کے بجائے جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کرنے کی اجازت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔

ضلع وسطی میں ایس آئی یو کے مقدمے میں بھی متعلقہ مجسٹریٹ نے جیل میں سماعت کی اجازت دی۔پراسیکیوشن نے دعوی کیا کہ تفتیش میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ملزمہ کے وکیل نے مقف اختیار کیا کہ پولیس کسی ٹھوس پیش رفت کا ثبوت پیش نہیں کرسکی۔عدالت نے تمام مقدمات میں پولیس کی جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ ملزمہ کے وکیل کے مطابق عدالت نے تفتیش میں پیش رفت نہ ہونے کے باعث یہ فیصلہ سنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں