24 ویں الحمرا تھیٹر فیسٹیول 2022ء کا آغاز جمعرات 20 جنوری کو ماس فاؤنڈیشن کے ڈرامہ “پرمیشر سنگھ” سے ہو گا۔

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کی معروف تھیٹر کمپنی ماس فاؤنڈیشن جمعرات 20 جنوری کو 24 ویں الحمرا تھیٹر فیسٹیول 2022ء میں اپنا ایک بہترین تھیٹر ڈرامہ “پرمیشر سنگھ” پیش کرے گی۔
 الحمرا تھیٹر فیسٹیول
20 جنوری سے 29 جنوری تک جاری رہنے والے اس ڈرامہ میلے کا یہ افتتاحی ڈرامہ برصغیر کے لیجنڈ مصنف احمد ندیم قاسمی کی مختصر کہانی پر مبنی ہے جب کہ اس کے ترتیب كار اور ڈائریکٹر ماس فاؤنڈیشن کے صدر عامر نواز ہیں۔ ماس فاؤنڈیشن نے اس ڈرامے کو متعدد قومی اور بین الاقوامی تھیٹر فیسٹیولز میں پیش کیا ہے۔
 الحمرا تھیٹر فیسٹیول
بھارت کے جن شہروں میں اس کی پرفارمنس کی گئی، ان میں امرتسر، جالندھر، پریت نگر، کروک شیترا اور روہتک میں بھی شامل ہیں۔
 الحمرا تھیٹر فیسٹیول

ماس فاؤنڈیشن کے صدر، عامر نواز نے کہا کہ “پرمیشر سنگھ” کی کارکردگی ان تمام تھیٹر سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک تحفہ ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ماس فاؤنڈیشن نے گزشتہ سال کوویڈ لاک ڈاؤن کے دوران چار بین الاقوامی آن لائن فیسٹیولز میں اس ڈرامے کے ذریعے پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور اس ڈرامے کو بھارت میں بھی اتنی پذیرائی ملی ہے کہ اس کا انگریزی میں ترجمہ کر کے اسے ڈاکٹر اتم جیت سنگھ کی مشہور کتاب “ایک ٹوٹی ہوئی زمین سے ڈرامے” میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ ڈرامہ 2014 ء میں “آغازِ دوستی” تنظیم کی جانب سے بھارت کی دو یونیورسٹیوں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی اور ساؤتھ ایشیا یونیورسٹی نئی دہلی میں بھی پیش کیا گیا۔

ڈرامے کا بیک گراؤنڈ میوزک امرتسر بھارت کے ہریندر سوہل نے ترتیب دیا ہے، میوزک عمران نواز نے ڈیزائن کیا ہے جبکہ امرتا پریتم کی شاعری بھی ڈرامے کا حصہ ہے۔