اسد قیصر 9

گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کیساتھ 8فروری کے عام انتخابات والا جیسا معاملہ دہرایا گیا،اسدقیصر

صوابی(رپورٹنگ آن لائن)پی ٹی آئی کے رہنما ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور سیکریٹری جنرل تحریک تحفظ آئین پاکستان اسد قیصر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالیہ ہونے والے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ پاکستان میں 8فروری کے عام انتخابات والا جیسا معاملہ دہرایا گیا۔

ایک بیان میں انہوں نے حالیہ عام انتخابات میں بھرپور کردار ادا کرنے پر گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمران خان کا ساتھ دے کر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف تقریبا 20 نشستیں جیت چکی ہے، تاہم ناجائز، بوگس اور مختلف حربوں و ہتھکنڈوں کے ذریعے ایک بار پھر 8 فروری جیسا معاملہ دہرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کا مینڈیٹ چھینا گیا اور عوام کو ان کے بنیادی حقِ رائے دہی سے محروم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے تمام تر مشکلات کے باوجود حق اور سچ کا ساتھ دیا، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں،ظلم، جبر اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی روش زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی اور جس انداز میں یہ نظام چلایا جا رہا ہے، اس طرح نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث ملک میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے اور کوئی بھی طبقہ ایسا نہیں جو اس صورتحال سے متاثر نہ ہوا ہو۔

انہوں نے کہا کہ عوامی غصہ اپنی انتہا کے قریب پہنچ چکا ہے اور پاکستان تحریکِ انصاف عوام کی آواز بن کر ان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ گلگت بلتستان کے عوام کا مقدمہ ہم قومی اسمبلی میں بھی لڑیں گے انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ عمران خان پورے ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور عوام کی حمایت ان کے ساتھ کھڑی ہے،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں