منعم ظفر 25

کراچی امت کا دھڑکتا دل ، فلسطین کیلئے آواز بلند کریگا،منعم ظفر

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف لاکھوں عوام 5 اکتوبر کو شاہراہ فیصل پر منعقد ہونے والے یکجہتی غزہ مارچ میں شریک ہو کر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان کے عوام مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وہ فریسکو چوک برنس روڈ پر لگائے گئے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور، اسمال ٹریڈرز کے رہنما عثمان شریف اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے ۔ منعم ظفر نے شہریوں کو ہینڈ بلز تقسیم کرتے ہوئے دعوت دی کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ مارچ میں بھرپور شرکت کریں تاکہ عالمی سطح پر ایک متحد پیغام پہنچایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا مؤقف ہمیشہ فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کا رہا ہے ، اسی پر قائم رہنا قومی فریضہ ہے ۔ یکجہتی غزہ مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کلیدی خطاب کریں گے اور کراچی ایک بار پھر امت مسلمہ کا دھڑکتا ہوا قلب ثابت کرے گا۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کے خلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ کراچی کے مختلف اضلاع اور ٹاؤنز میں 100 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں ہوئیں، جن میں نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں