ملک محمد احمد خان 7

پاکستان نے مشکل حالات میں اپنی دفاعی صلاحیت دنیا پر ثابت کی’ سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنی دفاعی صلاحیت کے ساتھ معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی، سماجی نظم اور ترقی کے اہداف پر بھی یکساں توجہ دینا ہوگی،مشکل حالات کے باوجود کاروباری برادری کی جانب سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کا جاری رکھنا امید کی علامت ہے۔

گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے مثر دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس سے دنیا نے پاکستان کی عسکری اور تکنیکی استعداد کو دیکھا۔ ان کے مطابق پاکستان کی دفاعی صلاحیت نے ملک کے دفاع اور قومی اعتماد کو تقویت دی، تاہم ریاستوں کے درمیان تنازعات کا حتمی راستہ جنگ نہیں بلکہ سفارت کاری، مکالمہ اور امن ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جنگ کی صورت میں سب سے زیادہ نقصان عام شہریوں، معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچتا ہے، اس لیے خطے میں پائیدار امن کیلئے ذمہ دارانہ رویہ اور سفارتی کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مشکل علاقائی حالات میں دفاع کے ساتھ امن کیلئے سفارتی کردار بھی ادا کیا ہے، جو ملک کیلئے حوصلہ افزا امر ہے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اپنے کردار کے مطابق اندرونِ ملک بھی معاشی اور سماجی حالات بہتر بنانا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی، سماجی نظم کی بہتری اور ترقی کی رفتار تیز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ ملک کی سمت کو بار بار تبدیل ہونے سے بچا کر مسلسل اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہوگا۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر اور عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری مشکل معاشی حالات میں بھی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے چیمبر کے انتخابات میں باہمی افہام و تفہیم اور اتفاقِ رائے کو سراہتے ہوئے اسے کاروباری برادری کی سیاسی پختگی اور مثبت روایات کا مظہر قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں