عظمی بخاری 9

پنجاب میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا، عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ لاہور کے بعد اب ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے کوابلیشن اور کینسر سینٹر کا افتتاح کر دیا ہے، جہاں کینسر کے ہر اسٹیج کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو علاج کے لیے طویل تاریخیں نہیں دی جائیں گی، جبکہ مریض کا علاج صرف 60 منٹ میں مکمل ہوگا۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کینسر کے علاج کی یہ سہولت پنجاب میں صحت کے شعبے میں مریم نواز کا بڑا اقدام ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا ایک ہزار بستروں پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال بھی مکمل ہو چکا ہے۔،ان کے مطابق نواز شریف کینسر ہسپتال اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے اور پی کے ایل آئی کی طرح یہ ہسپتال بھی دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔

سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ نہیں کر سکتے، وہ ذاتی حملے کر کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے، جبکہ مریم نواز پنجاب کو جدید ترین اور ترقی یافتہ صوبہ بنا رہی ہیں۔انہوں نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک صوبے کا وزیراعلیٰ دربدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں بانی پی ٹی آئی کے گلے کا پہلے ہی طوق بنی ہوئی ہیں اور 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بانی پی ٹی آئی کی مبینہ بغاوتوں سے دور رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے اپنے بچے لندن میں لگژری زندگی گزار رہے ہیں جبکہ وہ خیبرپختونخوا کے بچوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں