خواجہ سعد رفیق 8

چھوٹے صوبے بنائیں لیکن درست وقت ،طریق کار آئینی و جمہوری ہونا چاہیے’ سعد رفیق

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبے بنائیں لیکن اس کیلئے درست وقت اور طریق کار آئینی و جمہوری ہونا چاہیے ،دہشتگردی ، سیاسی انارکی اور معاشی بدحالی کی آگ میں جلتے ہوئے پاکستان میں یہ مہیب مسائل حل کرنے کی بجائے چھوٹے صوبوں کی تشکیل کو اولیت دینا غیر دانشمندانہ اقدام ہو گا اور اس وقت ایسا کرنا سیاسی نفرت ، تلخی اور خلیج بڑھا دے گا ۔

اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گورننس کوبہتر کرنا ہے تو سب سے پہلے آئینی تحفظ کے ساتھ این ایف سی طرز پر صوبائی فنانس کمشن بنائیں ، بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام لائیں ، صوبے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے حاصل شدہ قوت اضلاع کو منتقل کریں ۔ انہوںنے کہا کہ سارا پاکستان کوہاٹ حملے کے ریاستی رد عمل کا منتظر ہے،

مرکزی و صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے مل کر ایک مربوط اور موثر حکمت عملی سامنے لائیں ، قوم ،تمام اسٹیک ہولڈرز اور ریاستی اداروں کو دہشتگردی کے خلاف یکجا ہوکر روبہ عمل دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ،غربت اور نا انصافی سے لڑنے کی بجائے ایک دوسرے سے لڑنے والے قوم کے نجات دھندہ نہیں ہو سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں