ایڈ شیرن 8

غزہ کی صورتحال تباہ کن اور ناقابلِ برداشت ہے،گلوکار ایڈ شیرن

فلاڈیلفیا (رپورٹنگ آن لائن)معروف برطانوی گلوکار ایڈ شیرن نے غزہ کی صورتِ حال کو تباہ کن اور ناقابلِ برداشت قرار دے دیا۔ایڈ شیرن نے فلاڈیلفیا کے لنکن فنانشل فیلڈ اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ تباہ کن، ناقابلِ جواز اور نامناسب ہے۔

گلوکار نے کہا ہے کہ غزہ میں معصوم شہریوں کی ہلاکتوں اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی نے میرا دل توڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میری موسیقی اور شوز اتحاد اور انسانیت کے بارے میں ہوں، سیاست کے بارے میں نہیں لیکن غزہ کی صورتِ حال پر میں مزید اپنے احساسات چھپا نہیں سکتا۔واضح رہے کہ میکل مور نے 4 ستمبر کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں پرفارمنس کے دوران فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے تھے جس کے بعد انہیں ایڈ شیرن کے بقیہ ٹور سے نکال دیا گیا تھا۔

بعد ازاں اس حوالے سے ایڈ شیرن نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ میکل مور کو ٹور سے نکالنے کا فیصلہ میرا نہیں بلکہ ٹور کے منتظم کا تھا۔میکل مور کو ٹور سے ہٹائے جانے کے بعد بعض دیگر معاون فنکاروں نے بھی ٹور سے علیحدگی اختیار کی تھی اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں