ضیا لنجار 6

ڈاکٹر سمعیہ کا دھمکیوں کا بیان مشہوری کی کوشش ہے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بیان کو مشہوری حاصل کرنے کی کوشش قرار دے دیا۔ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ بعض لوگ مشہوری کے لیے ایسی باتیں کرتے ہیں، حکومت پہلے ہی واضح کرچکی ہے کہ جوڈیشل کمیشن جو حکم دے گا، اس پر عمل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر سمعیہ نے گزشتہ روز جوڈیشل کمیشن کے سامنے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ دو روز سے موٹر سائیکل سوار ان کا پیچھا کر رہے ہیں اور انہیں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر انہوں نے میر رضا کی موت کی وجہ خودکشی لکھی تو ان کے ساتھ نرمی برتی جائے گی۔پولیس سرجن نے کمیشن کو یہ بھی بتایا تھا کہ سوشل میڈیا پر ان کے شوہر کا نام اور گھر کا پتہ وائرل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق جائے وقوع سے خون کی مقدار بہت کم ملی، جبکہ دل پر زخم کی صورت میں خون زیادہ ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے میر رضا کے سر کے عقبی حصے پر کسی سخت چیز کے لگنے اور ناک کی ہڈی ٹوٹنے کی بھی نشاندہی کی تھی۔جوڈیشل کمیشن نے ڈاکٹر سمعیہ کو رینجرز کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی پیشکش کی، تاہم انہوں نے فی الحال سیکیورٹی لینے سے انکار کردیا۔ کمیشن نے دھمکیوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر داخلہ سندھ کو خط لکھنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں