لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 27-2026ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔
پی سی بی حکام کے مطابق سیزن کا آغاز 11 اگست سے ملتان میں ہوگا جبکہ 2027ء کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے ابتداء چیمپینز کپ لسٹ اے ون ڈے ٹورنامنٹ سے کی جائے گی، اس کے علاوہ ڈیپارٹمنٹل ون ڈے کپ بھی کھیلا جائے گا۔
پی سی بی نے 16 ریجنز کی 18 ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 20 کر دی ہے، سیالکوٹ اور پشاور ریجنز کو بھی لاہور اور کراچی کی طرح 2، 2 ریجنل ٹیمیں دی گئی ہیں۔ریڈ بال سیزن میں قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ اور سِلور جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون، گریڈ ٹو گولڈ اور گریڈ ٹو سلور شامل ہوں گے۔
پریذیڈنٹ ٹرافی کے تینوں ٹورنامنٹس 12 ستمبر سے شروع ہوں گے جبکہ قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ اور سلور کا آغاز یکم نومبر سے ہوگا، قائدِ اعظم ٹرافی گولڈ میں 8 جبکہ سلور میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی، دونوں ڈویژنز فرسٹ کلاس حیثیت رکھیں گی اور ان میں ایک ٹیم کی ترقی اور تنزلی کا نظام بھی برقرار رہے گا۔نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور کے دونوں ٹورنامنٹس 5 فروری سے 6 مارچ تک لاہور میں منعقد ہوں گے۔
ڈومیسٹک سیزن میں جونیئر کرکٹرز کیلئے بھی خصوصی ایونٹس شامل کئے گئے ہیں جن میں انڈر 19 کے 3 روزہ ٹورنامنٹ، نیشنل انڈر 19 کپ، نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ، نیشنل انڈر 15 ون ڈے کپ اور انڈر 17 ٹورنامنٹ شامل ہیں۔
پی سی بی کے جنرل منیجر ڈومیسٹک اسامہ شارون نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاری بورڈ کی اہم ترجیح ہے اسی لئے سیزن کا آغاز 2 ون ڈے ٹورنامنٹس سے کیا جا رہا ہے۔
ان کے مطابق ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کھلاڑیوں کی ترقی اور زیادہ مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے جبکہ انڈر 19 کھلاڑیوں کو ریڈ بال کرکٹ کھلانے سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔









