لیاقت بلوچ 7

پرامن اسلام آباد سپر لانگ مارچ جاری رہے گا’جماعت اسلامی پاکستان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو معاشی ریلیف دلانے کے لیے جاری ملک گیر پرامن احتجاج اسلام آباد سپر لانگ مارچ کی صورت میں اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور حکومت کی جانب سے ٹھوس اقدامات سامنے آنے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پارٹی کی پُرامن سیاسی، جمہوری اور آئینی جدوجہد کے تحت ملک بھر میں احتجاج، ہڑتالیں اور دھرنے کیے گئے، جبکہ لاہور، پشاور، کراچی، کوئٹہ سمیت متعدد مقامات پر کئی ہفتوں سے احتجاج جاری ہے۔ پارٹی نے 20 ستمبر کو کراچی سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے ٹرین مارچ بھی شروع کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے حکومت کو پٹرولیم لیوی ختم کرنے اور اس کے متبادل محصولات کے لیے چھ تجاویز پیش کی ہیں، جن کا مقصد عوام کو ریلیف دینا، پیداواری لاگت کم کرنا اور معیشت کو سہارا دینا ہے۔

حکومت نے مذاکرات میں ریلیف دینے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی آمادگی کا اظہار کیا، تاہم مزید وقت مانگا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کے مزید تاخیری حربے قبول نہیں کرے گی اور مذاکرات لامحدود مدت تک جاری نہیں رہ سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل اور قابلِ عمل ریلیف پیکیج کے بغیر مزید مذاکرات بے معنی ہوں گے۔ اسلام آباد سپر لانگ مارچ کا فیصلہ حتمی ہے اور ملک کے مختلف حصوں سے قافلے وفاقی دارالحکومت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

احتجاج کا مقصد کسی فرد یا جماعت کا سیاسی مفاد نہیں بلکہ عوام کو پٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور ٹیکسوں کے بوجھ سے ریلیف دلانا ہے۔ لیاقت بلوچ نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں کے پُرامن احتجاج کے آئینی اور جمہوری حق کو تسلیم کرتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے مطالبات کی حمایت کی ہے اور جماعت اسلامی کسی بھی حکومتی کوشش کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم نہیں چاہتی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی پُرامن جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے حالات کے مطابق اسلام آباد مارچ کے اگلے مرحلے کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں