عدالت 10

رجب بٹ کی بیٹے سے ملاقات کا کیس، ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے یوٹیوبر رجب علی بٹ کی کمسن بیٹے سے ملاقات کے معاملے پر دائر رٹ درخواست نمٹا دی اور والد کو ملاقات سے متعلق انتظامات کی بحالی کے لیے گارڈین اور اپیلٹ کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔

جسٹس عبہرگل خان نے نابالغ بیٹے سے ملاقات سے متعلق درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ والد کی شکایت کا معاملہ پہلے ہی گارڈین اور اپیلٹ کورٹ میں زیر سماعت ہے، اس لیے ہائیکورٹ نے 7ستمبر کے گارڈین جج کے حکم کی معطلی کے معاملے میں مداخلت سے گریز کیا۔عدالت نے ہدایت کی کہ رجب بٹ اپنی تمام شکایات اپیلٹ کورٹ کے سامنے پیش کرسکتے ہیں جبکہ بیٹے سے ملاقات کے انتظامات کی بحالی کے لیے بھی متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

تحریری حکم میں ماتحت عدالتوں کو ہدایت کی گئی کہ والد کی درخواست پر قانون کے مطابق غور کیا جائے اور فیصلہ کرتے ہوئے نابالغ بچے کی فلاح اور بہترین مفاد کو مقدم رکھا جائے۔رجب علی بٹ نے 7ستمبر کے گارڈین جج کے حکم پر عمل درآمد کی استدعا کی تھی جبکہ درخواست گزار نے 15 ستمبر کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے حکم کو کالعدم قرار دینے کی بھی استدعا کی تھی۔رجب بٹ نے اپنے کمسن بیٹے کیوان سلطان بٹ سے ملاقات کی اجازت کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے واضح کیا کہ والد ملاقات سے متعلق اپنی درخواست بھی متعلقہ عدالت کے سامنے رکھ سکتے ہیں، جہاں اس پر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں