چاول برآمدات 9

پاکستان کی چاول برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، ستمبر میں 4 لاکھ 20 ہزار ٹن سے زائد چاول برآمد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی چاول برآمدات میں ستمبر 2026ء کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں تقریباً ڈھائی گنا بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 277 میٹرک ٹن ہوگیا۔رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2025ء میں ایک لاکھ 68 ہزار 322 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے، جبکہ ستمبر 2026ء میں یہ مقدار بڑھ کر 4 لاکھ 20 ہزار 277 میٹرک ٹن ہوگئی۔اعداد و شمار کے مطابق باسمتی چاول کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔ ستمبر 2026ء میں ایک لاکھ ایک ہزار 271 میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کیے گئے، جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ مقدار 35 ہزار 109 میٹرک ٹن تھی۔

اسی طرح نان باسمتی اور چاول کی دیگر اقسام کی برآمدات ستمبر 2026ء میں بڑھ کر 3 لاکھ 19 ہزار 5 میٹرک ٹن ہوگئیں، جو ستمبر 2025ء میں ایک لاکھ 33 ہزار 213 میٹرک ٹن تھیں۔رواں مالی سال 2026-27 کی پہلی سہ ماہی، جولائی تا ستمبر کے دوران پاکستان کی مجموعی چاول برآمدات 10 لاکھ 75 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 7 لاکھ 13 ہزار 794 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے۔

برآمدات کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستانی چاول کی بیرون ملک ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا، جس سے عالمی منڈیوں میں پاکستانی چاول کی طلب اور برآمدی سرگرمیوں میں تیزی کی عکاسی ہوتی ہے۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں