بنگلا دیش 11

پاکستانی کرکٹرز کو پاور ہٹنگ ٹریننگ کیلئے امریکا بھیجنے پر غور

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کھلاڑیوں کو پاور ہٹنگ کی ٹریننگ کے لیے امریکا بھیجنے پر غور کررہا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں کو چار ماہ کے لیے امریکا بھیجا جاسکتا ہے جہاں بیس بال کے ماہرین پاور ہٹنگ کی ٹریننگ دیں گے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کچھ کھلاڑیوں کو امریکا بھیجنے کا منصوبہ زیر غور ہے، کچھ کھلاڑی انجریز سے واپس آئے ہیں ۔ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ میں فٹنس اور میڈیکل کلچر کو بہتر بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ فاسٹ بولر علی رضا کو بھی فٹنس کی بہتری کے لیے امریکا بھیجا جائے گا، انہیں طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کیلئے تیار کیا جا رہا ہے، اس منصوبے کی حتمی منظوری اور انتظامات ابھی مکمل نہیں ہوئے۔

دوسری جانب رواں سال برطانیہ میں مقیم فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر جاوید مغل کو پی سی بی کا ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن مقرر کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں