لاس اینجلس (رپورٹنگ آن لائن)ٹینس کی دنیا کی دو مشہور بہنوں وینس ولیمز اور سرینا ولیمز کی ومبلڈن میں ایک ساتھ واپسی کا امکان ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سرینا ولیمز اور وینس ولیمز کو ومبلڈن میں خواتین کے ڈبلز مقابلوں کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری دے دی گئی ہے جس کے بعد دونوں بہنیں ایک بار پھر آل انگلینڈ کلب میں ایک ساتھ ایکشن میں نظر آئیں گی۔44سالہ سرینا ولیمز نے حال ہی میں کوئنز میں واپسی کی تھی جب کہ وہ 2022 یو ایس اوپن کے بعد ممکنہ طور پر ریٹائرمنٹ لے چکی تھیں۔
23گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے والی سرینا اس وقت برلن میں ڈبلز مقابلوں میں کارولینا موچووا کے ساتھ کھیل رہی ہیں اور اب وہ ومبلڈن میں اپنی بڑی بہن کے ساتھ واپسی کریں گی۔45سالہ وینس ولیمز نے اس سیزن میں سنگلز میں مسلسل شکستوں کا سامنا کیا ہے تاہم وہ اپریل میں میڈرڈ اوپن میں برطانیہ کی کیٹی بولٹر کے ساتھ ڈبلز میچ جیت چکی ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ کے ڈین ایونز کو مین سنگلز کے لیے وائلڈ کارڈ نہیں ملا جبکہ تین مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن اسٹین واورینکا کو جگہ دی گئی ہے۔ومبلڈن ایونٹ 29 جون سے شروع ہوگا۔









