اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق انہوں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال بشمول اس کے اقتصادی اور وسیع تر اثرات پر تبادلہ خیال کیا۔ یورپی یونین کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مسلسل تعمیری اور سہولت کار کردار کو سراہا۔
نائب وزیراعظم نے اس حوالے سے بات چیت اور رابطوں کے فروغ کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کے کامیاب انعقاد کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ فورم شراکت داری کو مضبوط بنانے اور کاروباری مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ دونوں رہنماں نے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔









