اشرف بھٹی 3

نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر قومی اتفاق رائے ضروری ہے، آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام جیسے اہم معاملات پر سیاسی بیان بازی کی بجائے قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کیا جانا چاہیے، اس مقصد کے لیے موثر قومی پلیٹ فارم پر سنجیدہ بحث کا آغاز کیا جائے کیونکہ سیاسی تلخیاں اور اختلافات ملک کے مفاد میں نہیں ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ جغرافیائی اور عالمی حالات کے تناظر میں ایک مضبوط، مستحکم اور متحد پاکستان ناگزیر ہے۔ ملک کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی کی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ نواز شریف، آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین جیسے سینئر اور تجربہ کار سیاستدانوں کو آگے بڑھ کر اپنا قومی کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان رہنمائوں کی سیاسی بصیرت اور تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے تمام سیاسی قوتوں کو ایک میز پر بٹھایا جائے۔ صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے قومی مفاد کے تناظر میں دیکھا جائے۔ انہوںنے کہا کہ اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے اتفاق رائے کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ ملک کی سیاسی و معاشی استحکام کی بنیاد مضبوط ہو اور پاکستان داخلی و خارجی چیلنجز کا موثر مقابلہ کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں