لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید نے شوبز انڈسٹری کے موجودہ ماحول پر کھل کر بات کرتے ہوئے نوجوان فنکاروں کے رویوں اور شوٹنگ کے دوران وقت کی پابندی نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اب انڈسٹری میں سینئر فنکاروں کے احترام کی روایت کم ہوتی جارہی ہے اور جو اداکار جتنا زیادہ نخرے دکھاتا اور بدتمیزی کرتا ہے، اسے اتنی ہی زیادہ کامیابی اور مقبولیت ملتی ہے۔
غزالہ جاوید نے حال ہی میں ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے فنی سفر، پی ٹی وی کے سنہری دور اور موجودہ شوبز انڈسٹری کے بدلتے ہوئے رجحانات پر اظہار خیال کیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ انڈسٹری کا ماحول کافی تبدیل ہوچکا ہے اور نوجوان فنکاروں میں سینئرز کے لیے پہلے جیسا احترام دکھائی نہیں دیتا۔ یہی رویہ ان وجوہات میں شامل ہے جن کی وجہ سے انہوں نے شوبز میں کام کرنا تقریبا چھوڑ دیا ہے۔غزالہ جاوید کے مطابق اب وہ صرف ان پروڈکشن ہاسز کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دیتی ہیں جہاں کام کرنے والے افراد کا رویہ اچھا ہو اور ٹی وی چینلز بھی فنکاروں کے ساتھ تعاون کریں بصورتِ دیگر انہوں نے کام کم کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کام کی جگہ پر عزت اور احترام نہ ہو تو صرف کام کی خاطر ایسے ماحول کا حصہ بننا مشکل ہوجاتا ہے۔غزالہ جاوید نے نوجوان اداکاروں کے رویوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسے فنکاروں کے نخرے بھی برداشت کیے جاتے ہیں جو اپنے کام کے ساتھ مخلص نہیں ہوتے۔ ان کے بقول موجودہ حالات میں جتنا زیادہ کوئی اداکار مغرور اور بدتمیز ہوگا، اتنا ہی زیادہ اسے کامیاب سمجھا جائے گا، چاہے وہ اپنے فن کے ساتھ سنجیدہ نہ بھی ہو۔








