اشرف بھٹی 8

موجودہ حالات میں انتشار ، ٹکرا ئوکسی کے مفاد میں نہیں’ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے احتجاج کی کال دینے والی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملات سڑکوں کی بجائے مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر حل کئے جائیں،ملک اس وقت نازک صورتحال سے گزر رہا ہے ایسے میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کو تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اختلافات اور مطالبات کے حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کیا جائے تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔ احتجاج اور محاذ آرائی سے ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے باہمی اختلافات کو اس انداز میں حل کرنا ہوگا کہ دشمن کو کسی قسم کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے اور تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو ملکی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتشار اور ٹکرا ئوکسی کے مفاد میں نہیں، مسائل کا حل افہام و تفہیم اور باہمی مشاورت سے ہی ممکن ہے۔ تاجر برادری ملکی استحکام اور امن کے لیے ہر مثبت کوشش کی حمایت کرے گی اور تمام فریقین سے ملک کے مفاد میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں