ہمایوں اختر خان 16

حرمین شریفین کا دفاع ہمارے لیے سرخ لکیر ہے ،کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا’ہمایوں اختر خان

فیصل آباد/تاندلیانوالہ(رپورٹنگ آن لائن) سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا دفاع ہمارے لیے سرخ لکیر ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،موجودہ علاقائی کشیدہ صورتحال اور ملک کو درپیش اندرونی چیلنجز کے پیش نظر قومی اتحاد اور باہمی تعاون کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے،کڑے حالات میں ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک اور عوام کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے ، حلقے کے دیرینہ مسائل کا حل اور عوام سے مسلسل رابطہ ہماری ترجیح ہے اور ا ن شا اللہ اس میں کسی طرح کا تعطل نہیں آئے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97کے طویل دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ۔ ہمایوں اختر خان نے لڈو چوک کے سیاسی دفتر میں علاقہ عمائدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات سے بھی ملاقاتیںکیںجن میں حلقے کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کیلئے آنے والوں نے ہمایوں اختر خان اور ان کے ساتھیوںسے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں کے بعد کسی سیاسی رہنما کی جانب سے حلقے کی محرومیوں کے خاتمے کیلئے تسلسل کے ساتھ آواز بلند کی جارہی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آرہے ہیں ۔

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حلقے کی محرومیوں اور عوامی مسائل کو متعلقہ حکومتی فورمز تک موثر انداز میں پہنچارہے ہیں اور پھر اس کی پیروی بھی کرتے ہیں ،ہم اپنی استعداد اور دستیاب وسائل کے مطابق عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔عوام سے مسلسل رابطہ رکھنے کا مقصد حلقے کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل کے لیے عملی کاوشیں جاری رکھنا ہے۔ہمایوں اختر خان اپنی روایت کو بر قرار رکھتے ہوئے حلقے میں انتقال کر جانے والوں کے گھروں میں بھی گئے اور اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں