لاہور(رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گزشتہ پندرہ سال کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 83 کھرب روپے کے نقصانات قومی خزانے بوجھ اور نا اہلی کی انتہا ہے، عوام مہنگی بجلی، ہوش ربا مہنگائی اور بھاری ٹیکسوں کے باعث بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں جبکہ دوسری جانب قومی وسائل کا ضیاع مسلسل جاری ہے،جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے ، عوام ہمارا ساتھ دیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی جمہوری اقدار کی تباہی کی اصل ذمہ دار جماعتیں ہیں، جمہوریت کے نام پر اقتدار کی بندر بانٹ کرنے والی ان جماعتوں نے عوامی حقوق کو اپنے اقتدار کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف عام آدمی بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہے، تو دوسری طرف آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کی مد میں ہر سال تقریباً دو ہزار ارب روپے ادا کیے جانے کا معاملہ سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔ عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ جب بجلی کی پیداوار اور فراہمی کے حوالے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے تو قومی خزانے سے اتنی بڑی رقوم کی ادائیگی کا جواز کیا ہے؟ ۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کسی ایک فرد، جماعت یا حکومت کے خلاف نہیں بلکہ اس ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لیے ہے جس میں عام شہری مشکلات کا بوجھ اٹھاتا ہے، جبکہ بااثر طبقات اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔
ملک میں وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ ان کی غیر منصفانہ تقسیم، بدعنوانی اور ناقص حکمت عملی ہے۔ اگر قومی اداروں میں شفافیت، احتساب اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تو عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوامی حقوق کی تحریک جاری ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی اور عوام پر عائد ناجائز مالی بوجھ کا خاتمہ کیا جائے، آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی نے نظام کی بنیادوں کو کمزور کر دیا ہے۔ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے۔
احتساب کا عمل محض اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے قومی دولت کی حفاظت یقینی بنانا ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ مہنگی بجلی، پٹرولیم لیوی، ناجائز ٹیکسوں اور اشرافیہ کے مفادات پر مبنی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے کیونکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا راستہ عوام کو معاشی استحکام، انصاف اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے سے ہو کر گزرتا ہے۔








