رجنی کانت 7

امیتابھ بچن نے 90کروڑ روپے کا قرض اتارنے کیلئے روزانہ 18 گھنٹے کام کیا، رجنی کانت

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رجنی کانت نے انکشاف کیا ہے کہ امیتابھ بچن نے مالی بحران کے دوران تقریبا 90 کروڑ روپے کا قرض اتارنے کے لیے مسلسل 3 سال تک روزانہ 18 گھنٹے کام کیا، جبکہ اس وقت انہیں صحت کے متعدد مسائل کا بھی سامنا تھا۔رجنی کانت نے ایک تقریب کے دوران امیتابھ بچن کے مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے کے بعد امیتابھ بچن نے اپنا سب کچھ دا پر لگاتے ہوئے پروڈکشن کمپنی امیتابھ بچن کارپوریشن لمیٹڈ (اے بی سی ایل)قائم کی، تاہم کاروبار میں ناکامی کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے۔

رجنی کانت کے مطابق امیتابھ بچن کو اپنا قرض اتارنے کے لیے ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع اپنا گھر اور دیگر جائیدادیں فروخت کرنا پڑیں، اس مشکل وقت میں بالی ووڈ کے بعض افراد نے ان کا مذاق بھی اڑایا۔رجنی کانت نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے صحت کے مسائل کے باوجود 3 سال تک روزانہ 18 گھنٹے کام کیا اور اپنا تمام قرض ادا کر دیا، اس وقت ان کی عمر 64 برس تھی۔اداکار نے بتایا کہ امیتابھ بچن نے ناصرف اپنا پرانا گھر دوبارہ خریدا بلکہ اسی سڑک پر مزید 3 گھر بھی خریدے۔رجنی کانت نے امیتابھ بچن کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی امیتابھ بچن کی اصل پہچان ہے۔واضح رہے کہ رجنی کانت اور امیتابھ بچن نے اندھا قانون، گرفتار اور ہم جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ دونوں اداکار 33 سال بعد ٹی جے گناناول کی فلم ویٹائیان میں دوبارہ ایک ساتھ نظر آئے تھے، جو 10 اکتوبر 2024 کو ریلیز ہوئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں