تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کے ملک پر عائد امریکی پابندیوں کا تسلسل حالات کو مزید خراب کرنے کا باعث بنے گا۔انہوں نے تہران کے ساتھ معاملے میں طاقت کی پالیسی کے بجائے مذاکرات کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے دوبارہ اس بات کا اعادہ کیا کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں چاہتا اور مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
مسعود پزشکیان نے آرمینیا میں اپنی ملاقاتوں کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ایران کو پابندیوں کے ذریعے نہیں جھکایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو یہ جان لینا چاہیے کہ ایران اپنے عوام پر اعتماد کرتے ہوئے اور اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو طاقت کے ساتھ جاری رکھے گا۔
مسعود پزشکیان نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ امریکہ نے نہ صرف ہمارے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے مسائل پیدا کیے ہیں۔ اگر وہ اسی راستے پر چلنا چاہتا ہے تو پوری دنیا کے لیے حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔ اس لیے بہتر یہی ہے کہ وہ طاقت کے استعمال کے بجائے منطق کے ساتھ مذاکرات کا سہارا لے۔









