محمد عامر 5

محمد عامر نے اوپنر بیٹر محمد حارث کو ایک اور موقع دینے کی درخواست کردی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر نے اوپنر بیٹر محمد حارث کو ایک اور موقع دینے کی درخواست کردی ہے۔اپنے بیان میں پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے وائٹ بال کرکٹ میں قومی ٹیم کے لیے محمد حارث کو وکٹ کیپنگ کا بہترین آپشن قرار دیتے ہوئے سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ اس نوجوان بلے باز کو ایک اور موقع دیں۔

عامر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حارث کی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ وہ پاکستان کے موجودہ وکٹ کیپرز میں وائٹ بال کرکٹ کے لیے بہترین انتخاب ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ٹیم میں ان کی شمولیت پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔عامر نے لکھا کہ میرا ماننا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ کے لیے ان تمام وکٹ کیپرز میں حارث بہترین آپشن ہیں لہٰذا براہِ کرم، اب اس بارے میں سوچنے کا وقت آ گیا ہے۔

واضح رہے کہ عامر کا یہ بیان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے سری لنکا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ون ڈے سہ فریقی سیریز کے لیے’وائٹ بال’اسکواڈز کے حالیہ اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔وائٹ بال کرکٹ کے باقاعدہ وکٹ کیپرز محمد رضوان اور عثمان خان کو آئندہ سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے، خواجہ نافع کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ غازی غوری اور سعد بیگ کا انتخاب ون ڈے ٹیم کے لیے کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں