سید یوسف رضا گیلانی 7

توسیعی رینج کے فتح-4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 کروز میزائل کے توسیعی رینج والے ورژن کے کامیاب تجربے پر پاک فوج، سائنسدانوں، انجینئرز اور دفاعی ٹیکنالوجی کے ماہرین کو مبارکباد دی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے پیغام میں کہا کہ فتح-4 کا کامیاب تجربہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی و تکنیکی صلاحیتوں اور دفاعی خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے جدید ایویونکس اور نیویگیشن ٹیکنالوجی سے لیس نظام کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاک فوج اور ملکی سائنسی برادری کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی سائنسدان اور انجینئرز جدید ٹیکنالوجی، قومی سلامتی اور ملکی ترقی میں اپنا موثر کردار جاری رکھیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی کامیابیاں قومی اعتماد کو مضبوط اور ملکی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے تحفظ کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں