کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پی ایس ایل 11 میں راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے لاہور قلندرز سے شکست کے بعد ناکامی کا اعتراف کرلیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ میری کارکردگی اچھی نہیں میں خود کہتا ہوں میری ٹیم میں جگہ نہیں بنتی۔
انہوں نے کہا کہ میری پرفارمنس اچھی نہیں اسی وجہ سے ٹیم بھی صحیح نہیں کھیلی، میں انسان ہوں اور شاید میری پلاننگ میں کمی تھی، مجھ میں کمی تھی تبھی اچھی کارکردگی نہ دکھا سکا، راولپنڈیز میں اس مرتبہ نوجوان کھلاڑیوں کو اوپر لانا مقصد ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ جب ہارتے ہیں تو مثبت چیزیں لانا مشکل ہوجاتا ہے، مسلسل 7 میچ ہارنے کے بعد بھی مثبت چیزیں نکالنے کی کوشش کرتے ہیں، شاداب خان کا بیک اپ ابھی تک ہمیں نہیں مل سکا، کچھ کھلاڑی ہماری ٹیم سے مثبت انداز سے پاکستان کو مل سکتے ہیں۔
راولپنڈیز کے کپتان نے کہا کہ قسمت شاید ساتھ نہیں دے رہی، کرکٹ بائی چانس ہے ضروری نہیں نتائج ہمیشہ ساتھ دیں، خراب پرفارمنس پر میری ٹیم میں جگہ نہیں بنتی یہ میں خود کہتا ہوں، مجھ سے غلطیاں ہوئیں اس کا مقصد یہ نہیں کہ ہمت ہار بیٹھوں۔انہوںنے کہاکہ میرے لیے کرکٹ جنون ہے اور میں اس کھیل سے محبت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بگ بیش میں کہا تھا کہ میری پرفارمنس پر پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی، مجھ سے پرفارمنس نہیں ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں ہمت ہار جائوں۔راولپنڈیز کے کپتان نے کہا کہ میرے لیے کرکٹ جنون ہے، مجھے اس کے سوا کچھ نہیں آتا، میں محنت کرکے واپس آئوں گا۔
اُنہوںنے کہاکہ عبداللّٰہ فضل کے بارے میں ہمارا خیال تھا کہ وہ پاکستان کیلیے نمبر چھ کا پلیئر مل سکتا ہے، بیٹنگ آرڈر پر اُس سے بات کرکے فیصلہ کیا گیا تھا۔محمد رضوان نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ ہے، میں مانتا ہوں کہ میری ناکامی ہے، آگے میرے ہاتھ میں بس محنت کرنا ہے۔









