نیر بخاری 7

معاشی و سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی دھاروں کو مل بیٹھ کر مذاکرات کرنا ہوں گے،نیئرحسین بخاری

ایبٹ آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ ملکی سیاسی کشیدگی کے معیشت پرمنفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کے باعث غریب، محنت کش اور مزدورطبقہ کی مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے، معاشی و سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی دھاروں کو مل بیٹھ کر مذاکرات کرنا ہوں گے۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نیئرحسین بخاری نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے آئین اور جمہوریت پر کامل یقین رکھتی ہے۔اس وقت ملک کو درپیش درپیش چیلنجز کا تقاضا ہے کہ تمام قومی ادارے اور سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ملک پاکستان کے خلاف پراکسی وار کر رہا ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سکیورٹی حالات تشویشناک ہیں، لہذا موجودہ صورتحال میں ہمیں اپنے قومی اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہونا چائیے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کی خاطر تمام آپشنز موجود ہیں، تاہم پی ٹی آئی سے سوال کیا جانا چائیے کہ ان کا اصل ایجنڈا کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر کہیں بھی کچھ غلط ہو رہا ہے تو ادارے اپنا آئینی کردار ادا کریں گے۔صدر مملکت کے غیر ملکی دورے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے نیئر حسین بخاری نے کہا کہ دورے کے اخراجات پارٹی یا سرکاری خزانے سے نہیں بلکہ ذاتی طور پر ادا کیے گئے ہیں، اور اس حوالے سے اخراجات کے چیک پر بطور سیکرٹری جنرل انہوں نے خود دستخط کیے ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئین میں نیا صوبہ بنانے کا طریقہ کار موجود ہے، تاہم اس کے لیے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں اور پارٹی عوامی امنگوں کے مطابق ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں